11 اپریل ، 2025
پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے مائنز اینڈ منرلز بل کی منظوری بانی عمران خان سے مشاورت سے مشروط کردی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں مائنزاینڈ منرلز بل پرتحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ علی امین نے مائنز اینڈ منرلز بل کے تمام اہم نکات پرجامع وضاحت پیش کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مائنز اینڈ منرلز بل کی منظوری بانی پی ٹی آئی سے تفصیلی مشاورت کے بعد ہوگی اور بانی پی ٹی آئی کی اجازت اور اعتماد میں لینے کے بعد بل اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا۔
کمیٹی کے مطابق یہ بل بانی پی ٹی آئی کےایجنڈے، منشور، بیانیے اور عوامی امنگوں کےعین مطابق ہوگا، اس بل پرکسی قسم کی جلد بازی نہ کی گئی تھی نہ کی جارہی ہےنہ کی جائے گی، بل میں حقوق ومعدنی وسائل وفاق کو منتقل کرنےکی کوئی شق شامل نہیں۔
پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ بل میں ایس آئی ایف سی یا کسی وفاقی ادارے کو منتقل کرنے کی کوئی شق شامل نہیں، بل پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مثبت تجاویزکوخوش آمدید کہا جائے گا اور بل منظوری سے قبل دیگرپارلیمانی جماعتوں سے مشاورت جاری رہےگی۔