Time 12 اپریل ، 2025
انٹرٹینمنٹ

پاکستانی ٹی وی شو میں جیتی کار لینے پر کتنے پاپڑ بیلنے پڑے؟ ایاز سموں نے حقیقت بتادی

پاکستانی ٹی وی شو میں جیتی کار لینے پر کتنے پاپڑ بیلنے پڑے؟ ایاز سموں نے حقیقت بتادی
اداکار وکامیڈین ایاز سموں حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران انھوں نے اپنے کیرئیر کے آغاز سمیت کئی دلچسپ موضوعات پر گفتگو کی/فوٹوفائل

اداکار ایاز سموں  نے نجی ٹی وی چینل کے شو  میں کار جیتنے کے باوجود اس کے ملنے تک پیش آنے والی مشکلات سے پردہ اٹھادیا۔

اداکار وکامیڈین ایاز سموں نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے کیرئیر کے آغاز سمیت کئی دلچسپ موضوعات پر گفتگو کی۔

ایاز سموں نے بتایا کہ میں  نےکیرئیر کا آغاز بھارت کے مشہور کامیڈی شو ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج 2 ‘ سے بطور اسٹینڈاپ کامیڈین کیا، یہ بھارت کا پہلا شو تھا جس میں پہلی مرتبہ پاکستانی کامیڈین نے بھی شرکت کی تھی‘۔

ایاز سموں اس شو میں  پاکستان کے کئی کامیڈی لیجنڈز کے درمیان سب سے کم عمر کنٹیسٹنٹ کے طور پر شامل ہوئے تھے۔

ایاز سموں کے مطابق  ‘ بھارتی شو’ کامیڈی کا کنگ کون‘  میں  پاکستان سمیت بھارت کے بھی کئی لیجنڈز کے درمیان  سرفہرست رہا اور اس  شو میں  مجھے  پہلا انعام (10 لاکھ روپے) دیاگیا ، دوسری جانب اس شو کی فی قسط کے حساب سے میرا مجموعی معاوضہ 18 لاکھ روپے بھی اداکیا گیا‘۔

ایاز سموں نے بتایا کہ ’اس کے بعد میں نے 2007 میں پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں قیمتی کار جیتی، اُس وقت اس گاڑی کی  قیمت 8 لاکھ 53 ہزار روپے تھی‘۔

اداکار نے مزید بتایا کہ’  گاڑی جیتنے کے بعد مجھے کہا گیا کہ 15 دن میں  آپ کو گاڑی دی جائے گی  لیکن 2 ماہ گزرنے کے باوجود بھی مجھے گاڑی نہیں ملی اس کے بعد مجھے چینل نے گاڑی کی آدھی رقم بطور کیش لینے کی پیشکش کی جس سے میں نے انکار کردیا‘۔

ایاز سموں کے مطا بق ’  اس وقت اسی چینل کے لوگوں نے مجھے  بتایاتھا کہ اگر میں پیچھے نہ ہٹا تو گاڑی مجھے  دی جائے گی جس کے بعد میں انتظامیہ کے پیچھے پڑا رہا لیکن  اس کے باوجود بھی مجھے اس گاڑی سے کم قیمت گاڑی لینے کی پیشکش ہوئی اور  میں نے اس سے بھی انکار کردیا جس کے بعد چینل کے مالک سمیت آفیشلز تک نے میرا ساتھ دیا اور مجھے  وہ گاڑی  دے دی گئی‘۔

مزید خبریں :