فیکٹ چیک: مریم نواز شریف نے یہ نہیں کہا کہ ان کی حکومت ختم ہونے والی ہے

یہ ویڈیو کلپ مریم نواز شریف کی 19 فروری کو لاہور میں الیکٹرک بسوں کے افتتاح کے موقع پر کی گئی تقریر سے لیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہزاروں بار دیکھے اور شیئر کئے گئے ایک ویڈیو کلپ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے حالیہ نشر ہونے والی تقریر میں اعتراف کیا ہے کہ ان کی حکومت اور وسیع تر سیاسی سیٹ اپ زوال کے دہانے پر ہے۔

دعویٰ غلط ہے۔

دعویٰ

19 فروری کو ایک فیس بک صارف نے مریم نواز شریف کا ایک مختصر ویڈیو کلپ اس کیپشن کے ساتھ پوسٹ کیا: ”مریم نواز کو بھی آخر پتہ چل گیا کہ خاتمہ قریب ہے۔“

ویڈیو میں، مریم نواز شریف کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ”اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ یہ نظام اب اپنے خاتمے کی جانب ہے، اللہ تعالیٰ کا بڑا شکر ہے، میری پولیٹیکلی مخالفت چلتی رہے گی، میں سیاست کرتی رہوں گی اس کا ایشو نہیں ہے لیکن میرے ملک کو جس نے نقصان پہنچایا اس کو میں کبھی معاف نہیں کرونگی۔“

اس ویڈیو کلپ کو 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد بار دیکھا، 670 سے زیادہ دفعہ شیئر اور 4 ہزار 700 سے زیادہ مرتبہ لائک کیا گیا۔


ایک اور فیس بک صارف نے اسی ویڈیو کو اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا: ”قوم نے 8 فروری [قومی انتخابات] کو آپ اور آپ کے خاندان کی سیاست کا خاتمہ کر کے ملک کو نقصان پہنچانے کا بدلہ لے لیا، مریم نواز کو بھی آخر احساس ہو گیا ہے کہ اب یہ نظام [ان کی حکومت] اپنےخاتمے کی طرف جارہا ہے۔“

حقیقت

وزیرِاعلیٰ کے بیان کو آن لائن غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے،  ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر کے مکمل ورژن میں، مریم نواز شریف اپنی حکومت کے خاتمے کی بات نہیں کر رہیں بلکہ وہ اپنے سیاسی مخالفین، خصوصاً پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کے مبینہ زوال کا ذکر کر رہی ہیں۔

ریورس امیج اور کی ورڈ سرچ سے تصدیق ہوتی ہے کہ یہ ویڈیو کلپ مریم نواز شریف کی 19 فروری کو لاہور میں الیکٹرک بسوں کے اجرا کی تقریب میں کی گئی تقریر سے لیا گیا ہے۔

اپنی 30 منٹ کی تقریر میں، مریم نواز نے 9 مئی کے فسادات میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کردار پر تنقید کی اور ملک کو طویل مدتی نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا۔

مکمل ویڈیو میں 23 منٹ 50 سیکنڈ کے وقت پر، مریم نواز کہتی ہیں: ”اور یہ کیا دے رہے ہیں پیٹرول بم، یہ کیا دے رہے ہیں کیلوں والے ڈنڈے مارو اور سر پھاڑ دو، 2011-2012 سے یہ درس دیا جا رہا ہے پاکستان کو، تباہی کردی ہے اس نے پاکستان کی، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ یہ نظام اب اپنے خاتمے کی جانب ہے، میری سیاسی مخالفت چلتی رہے گی، میں سیاست کرتی رہوں گی اس کا ایشو نہیں ہے لیکن میرے ملک کو جس نے نقصان پہنچایا اس کو میں کبھی معاف نہیں کرونگی۔“

فیصلہ: ویڈیو کلپ سیاق و سباق سے ہٹ کر شیئر کیا جا رہا ہے، مریم نواز شریف پاکستان تحریکِ انصاف کے بارے میں بات کر رہی تھیں  وہ پنجاب میں اپنی حکومت یا وفاقی سطح پر اپنی پارٹی کی پوزیشن کے بارے میں بات نہیں کر رہی تھیں۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرامgeo_factcheck @پر فالو کریں۔ 

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں