13 اپریل ، 2025
ٹک ٹاک کی سرپرست کمپنی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی اسمارٹ گلاسز کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔
دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی سرپرست کمپنی کے ذرائع نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے 2 اے آئی اسمارٹ گلاسز کو تیار کیا جا رہا ہے۔
یہ پہلی بار نہیں جب بائیٹ ڈانس کی جانب سے کسی اے آئی ڈیوائس کو تیار کیا جا رہا ہے مگر ایسا پہلی بار ہے جب بڑے پیمانے پر کسی ڈیوائس کو تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بائیٹ ڈانس کی جانب سے اس منصوبے پر کام کرنے کے لیے اس حوالے سے مہارت رکھنے والے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
چینی کمپنی کی جانب سے 2 چیزوں پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی اور وہ ہے اسمارٹ گلاسز سے مناسب معیار کی تصاویر اور ویڈیوز کی ریکارڈنگ کو ممکن بنانا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بائیٹ ڈانس کی خواہش ہے کہ ویڈیوز یا تصاویر پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیوائس کی بیٹری لائف بھی اچھی ہونی چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے اے آئی گلاسز کے منصوبے پر کام کا آغاز 2024 میں کیا گیا تھا۔
ان اے آئی اسمارٹ گلاسز کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں مگر رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ کمپنی کی جانب سے سپلائرز سے بات چیت کی جا رہی ہے تاکہ ڈیوائسز کے فیچرز کا تعین کیا جاسکے۔
خیال رہے کہ فروری میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر بائیٹ ڈانس اور کوالکوم نے شراکت داری کا اعلان کیا تھا، اس وقت کہا گیا تھا کہ ایسا جدید ترین وی آر ہیڈ سیٹس کے لیے کیا جا رہا ہے۔
مگر اسے اسمارٹ گلاسز تک بھی توسیع دی جاسکتی ہے۔