13 اپریل ، 2025
کراچی کی شارع فیصل پر چند دن قبل کی ایک ڈمپر ڈرائیور کی پولیس کی جانب سے روکنے کے بجائے پٹرولنگ گاڑی کو سائیڈ مار کر گزرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور کراچی ٹریفک پولیس نے ڈمپرز ایسوسی ایشن سے مفرور ڈرائیور کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ شارع فیصل پر ایک ڈمپر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ ڈرائیور نہ صرف تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا بلکہ پیٹرولنگ کار کی جانب سے روکنے کی کوشش کے باوجود گاڑی نہیں روکی اور فرار ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد تمام ڈمپر ایسوسی ایشنز کو فوری طور پر ہدایت دی گئی کہ وہ مذکورہ ڈمپر اور اس کے ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کریں تاکہ قانونی کارروائی کی جا سکے۔
تاہم ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود اور دیگر نمائندوں نے پہلے وقت مانگا اور بعد ازاں اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ گئے۔
ترجمان کے مطابق وعدہ خلافی کے بعد گزشتہ رات ٹریفک پولیس نے وسیع پیمانے پر کارروائی کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں 142 ڈمپروں کو چالان کیا گیا، 27 کو ضبط کیا گیا جبکہ ایک ڈرائیور کو گرفتار کرکے موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کی شق 99/113 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک خلاف ورزی کرنے والا ڈرائیور اور ڈمپر پولیس کے حوالے نہیں کیے جاتے، کوئی شخص قانون سے بالا تر نہیں، سب کو قانون کے آگے سر جھکانا ہوگا۔
خیال رہے کہ کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 262 ہوگئی۔