14 اپریل ، 2025
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی اداکارہ نادیہ حسین سے شوہرکے اکاؤنٹس سے رقم منتقلی سے متعلق تحقیقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
اداکارہ نادیہ حسین ایف آئی اے کے نوٹس پر کارپوریٹ کرائم سرکل میں پیش ہوئیں اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کی جانب سے دوگھنٹے بیان ریکارڈ کیاگیا پھر ان کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد پرنٹ آؤٹ پراداکارہ نادیہ حسین کےدستخط لیےگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نادیہ حسین کا بیان شروع ہوتے ہی ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل میں بجلی چلی گئی، بجلی فراہمی میں تعطل پربیان لینےمیں تاخیر ہوئی۔
دوسری جانب ادکارہ نادیہ حسین کی ایف آئی اے طلبی سے متعلق اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق شوہرکے اکاؤنٹس سے نادیہ حسین کے اکاؤنٹس میں رقم منتقلی پر سوالات کیے گئے اور پوچھاگیاکہ 2 کروڑ 64 لاکھ روپے کی رقم کہاں استعمال کی گئی؟ ذرائع کے مطابق نادیہ حسین نے بتایاکہ میں نے یہ رقم اپنے 2 سیلونز میں استعمال کی۔
ذرائع ایف آئی اے نے بتایاکہ نادیہ حسین کے دونوں سیلون پر بھی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نادیہ حسین اور ان کے شوہر کے خلاف تفتیش کےلیے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کوخط لکھ دیا گیا ہے اور اینٹی منی لانڈرنگ سرکل بھی کیس کی تفتیش شروع کرے گا۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے نے آج نادیہ حسین کو فراڈ کیس میں بینیفشری کے الزام میں طلب کیا تھا، ایف آئی اے کا الزام ہے کہ فراڈ کیس میں گرفتار نادیہ حسین کے شوہر کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے انکے اکاونٹ میں منتقل کیے گئے۔