14 اپریل ، 2025
اسلام آباد: مختلف وفاقی و صوبائی اداروں کا اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے مجموعی طور پر 23 ارب روپے سے زائد کے نادہندہ ہونےکا انکشاف ہوا ہے۔
دستاویز کے مطابق وزیراعظم سیکرٹریٹ، پارلیمنٹ لاجز اور چیئرمین سینیٹ آفس سمیت متعدد وفاقی ادارے آئیسکو کے بلوں کی ادائیگی میں ڈیفالٹر ہیں۔
وفاقی ادارے آئیسکو کے 19 ارب 63 کروڑ 40 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں جب کہ صوبائی ادارے بجلی بلوں کی مد میں 3 ارب 49 کروڑ 10 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔
دفاعی اداروں نے سب سے زیادہ 6 ارب 65 کروڑ 90 لاکھ روپے آئیسکو کو دینے ہیں۔
سی ڈی اے بجلی بلوں کی مد میں 5 ارب 93 کروڑ 70 لاکھ روپے کا ڈیفالٹر ہے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ 21 کروڑ 70 لاکھ روپے، چیئرمین سینیٹ آفس 8 کروڑ 80 لاکھ روپے اور پارلیمنٹ لاجز 12 کروڑ 70 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔
دستاویزات کے مطابق وزارت داخلہ 24 کروڑ 40 لاکھ روپے، کینٹ بورڈ چکلالہ 2 ارب روپے سے زائد، اور واسا 1 ارب 87 کروڑ 70 لاکھ روپے کا ڈیفالٹر ہے۔ پنجاب پولیس 18 کروڑ 60 لاکھ روپے جب کہ ایف آئی اے 3 کروڑ 30 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے۔
اس کے علاوہ وزارت تعلیم، وزارت صحت، وزارت ریلویز سمیت دیگر کئی وفاقی و صوبائی ادارے بھی آئیسکو کے بجلی بلوں کی مد میں نادہندگان کی فہرست میں شامل ہیں۔