15 اپریل ، 2025
اسلام آباد: بجلی کی پیداوار کے لیے ملک میں ایل این جی کا استعمال کم ہونے لگا ہے جس کے باعث حکومت نے مئی کے لیے ایل این جی کارگو اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار کے لیے ایل این جی کا استعمال کم ہونے لگا ہے جس کی بڑی وجہ بجلی کی کھپت میں کمی ہے۔
سرکاری کمپنی پاکستان ایل این جی کا اٹلی کی کمپنی ای این آئی سے ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو خریداری کا لمبی مدت کا معاہدہ ہے تاہم ملک میں ایل این جی کی کھپت کم ہونےکی وجہ سے مئی کا ایل این جی کارگو بھی عالمی مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل فروری مارچ اور اپریل میں بھی اس کمپنی سے معاہدے کے تحت خریدے جانے والےکارگو عالمی مارکیٹ میں بیچ دیےگئے تھے۔
وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق ایل این جی کارگو کی درآمد طلب کے مطابق کی جا رہی ہے۔
طویل مدتی معاہدوں کے تحت آنے والے دیگر ایل این جی کارگو بھی طلب کے مطابق منگوائے جارہے ہیں۔ ایل این جی کارگو کو طلب کم ہونے پر مؤخر بھی کیا جاسکتا ہے، جب کہ ایل این جی کارگو کو طلب کم ہونے کی بنا پر عالمی مارکیٹ میں بیچنےکا آپشن بھی ہوتا ہے۔