Time 15 اپریل ، 2025
انٹرٹینمنٹ

دبئی میں پاکستانی آرٹ نے شائقین کے دل موہ لیے

دبئی میں پاکستانی آرٹ نے شائقین کے دل موہ لیے
فوٹو: نمائندہ جیو نیوز

دبئی میں پاکستان کے مشہور آرٹسٹ عمران قریشی نے منفرد اور دیدہ زیب فن پارے نمائش میں پیش کیے ہیں جس کو عرب دنیا میں بہت سراہا جارہا ہے۔

اس نمائش کا سب سے نمایاں حصہ ایک دلکش رنگوں سے سجی ہوئی "چارپائی" ہے جو عمران قریشی اور ان کی ٹیم نے پاکستان میں تیار کی ہے۔ یہ آرٹ ورک پاکستانی ثقافت اور جدید تخلیقی صلاحیتوں کا حسین امتزاج ہے اور دبئی کی نمائش میں دیکھنے والوں  خاص طور  پر اماراتی مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے عمران قریشی اپنی روایتی تکنیک کو جدید کہانیوں کے ساتھ جوڑنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔

دبئی میں پاکستانی آرٹ نے شائقین کے دل موہ لیے
فوٹو: نمائندہ جیو نیوز

دبئی سے لےکر جدہ تک، یورپ سے لے کر انگلینڈ تک اور پھر امریکا کی مختلف ریاستوں میں آرٹ ایکسپو کرنے والے عمران قریشی نے جیو نیوز  سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ نمائش میں رکھے گئے فن پارے دراصل کئی ماہ کی دن و رات محنت کا نتیجہ ہے۔

نمائش میں منی ایچر آرٹ، خوبصورت فوٹوگرافی اور صوفی موسیقی کے ساتھ ایک ڈیجیٹل آرٹ ویڈیو شامل ہے جو دیکھنے والوں کو ایک کثیر الجہتی ثقافتی تجربہ فراہم کرتی ہے۔

دبئی میں پاکستانی آرٹ نے شائقین کے دل موہ لیے
فوٹو: نمائندہ جیو نیوز

نمائش کی کیوریٹر ندا رضا نے عمران قریشی کی تخلیقی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیاسی اور ثقافتی موضوعات کو اپنے فن میں بخوبی پیش کیا ہے، انہوں نے  "چارپائی" انسٹالیشن کو پاکستانی روایات کی ایک شاندار نمائندگی قرار دیا۔

نمائش کو دیکھنے والوں نے بھی مخلتف نوعیت کے آرٹ ورکس کی دل کھول کر داد دی۔

 عمران قریشی کے آرٹ نمونوں نے پاکستانیوں کو ماضی کی طرف کھنیچا جب کہ دیگر ممالک کے دیکھنے والوں کو پاکستانی ثقافت سے روشناس بھی کرایا اور بذریعہ آرٹ ورکس پاکستان کی سیر بھی کرا ڈالی۔

دبئی میں یہ شاندار نمائش 18 اپریل تک جاری رہے گی۔

مزید خبریں :