15 اپریل ، 2025
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے صوبے کے بالائی علاقوں میں گلیشیئرز پگھلنے سے سیلاب کا خدشہ ظاہر کردیا۔
پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات اور کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنےکے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلیشیئرز کے پھٹنے سے سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے 16 سے 20 اپریل تک چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ مہمند، اورکزئی، پشاور، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے کل سے 20 اپریل تک صوبے میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کردیا جبکہ اپریل کے اختتام تک میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔