16 اپریل ، 2025
کراچی کی 11 مرکزی سڑکوں پر غیرقانونی رکشوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کردی گئی ۔
کراچی میں ون پلس ٹو اور ون پلس فور موٹرکیب رکشوں پر 2 ماہ کیلئے پابندی عائد کی گئی ہے، ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر 144 سی آر پی سی کے تحت یہ اقدام کیا گیا ہے جب کہ پابندی 15 اپریل سے 14 جون تک ہوگی جس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 188 پی پی سی کے تحت ایکشن ہوگا۔
کمشنرکراچی کے نوٹیفکیشن کے مطابق شاہراہ فیصل اور آئی آئی چندریگر روڈ پر ہر قسم کے رکشوں پر پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ عبداللہ شاہ غازی، اسٹيڈيم روڈ اور دیگر علاقوں میں بھی رکشے بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہےکہ ٹریفک پولیس کو شکایات درج کرانے اور کارروائی کا اختیار دے دیا گیا ہے، تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت جاری کردی گئی ہے، پابندی کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے۔
کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر اور حادثات سے بچاؤ کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، رکشہ ڈرائیورز کو متبادل راستوں کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔