16 اپریل ، 2025
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران کھلاڑیوں کو بلوں کے سائز کا ناجائز فائدہ اٹھانے سے روکنے کے لیے میچز کے دوران ہی بیٹرز کے بیٹ چیک ہونے لگے۔
آئی پی ایل میں امپائرز کی جانب سے متعدد کھلاڑیوں کے بلوں کے سائز چیک کیے جا چکے ہیں جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے بلے چیک ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔
میچز کے دوران امپائرز کی جانب سے کھلاڑیوں کے بیٹ کے سائز چیک کیا جانا معمول کی عادت ہے تاہم عموماً ایسا ڈریسنگ روم میں ہوتا ہے، لیکن اس بات آئی پی ایل کے سیزن کے دوران میچز کے دوران ہی امپائرز کی جانب سے کھلاڑیوں کے بیٹ چیک کیے جا رہے ہیں۔
اتوار کو کھیلے گئے ایک میچ کے دوران فیلڈ امپائرز نتن میمن اور سدھرشن کمار کی جانب سے فل سالٹ، شمرون ہیٹمیئر، نتیش رانا اور ریان پراگ کے بلوں کے سائز چیک کیے گئے جبکہ امپائرز کرس گیفنی اور ونود شیشن کی جانب سے ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا کا بلا بھی چیک کیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کے بلے کا سائز چیک کیے جانے کی ویڈیو بھی وائرل ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روہت شرما جب بیٹنگ کے لیے گراؤنڈ کی جانب جا رہے ہیں تو امپائر ان کے پاس آتا ہے اور مخصوص گیج (آلے) کی مدد سے ان کے بلے کا سائز چیک کرتا ہے۔
آئی پی ایل میں امپائرز کی جانب سے کھلاڑیوں کے بلوں کے سائز بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر چیک کیے جا رہے ہیں تاکہ بیٹرز بلوں کے سائز کا ناجائز فائدہ نہ اٹھا سکیں۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق بلے کی چوڑائی 4 اعشاریہ 25 انچ (10 اعشاریہ 79 سینٹی میٹر) سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے جبکہ بلے کے درمیان کی موٹائی 2 اعشاریہ 64 انچ تک ہونی چاہیے۔
بلے کے کناروں کی موٹائی ایک اعشاریہ 56 انچ تک ہونی چاہیے جبکہ بلے کی لمبائی 38 انچ سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
خیال رہے کہ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن کے 29 میچز میں اب تک 525 چھکے لگ چکے ہیں، سب سے زیادہ 31 چھکے ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن لگا چکے ہیں۔