17 اپریل ، 2025
کراچی:ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن جاری ہے، ٹریفک پولیس نے ایک ہفتے میں کارروائی کرتے ہوئے 11 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں ضبط کرلیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ٹریفک پولیس نے 9 سے 16 اپریل تک کی پیش رفت رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق ہیلمٹ نہ ہونے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 11 ہزار 276 موٹرسائیکلیں ضبط کی گئیں جبکہ فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کی 831 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 193 ڈمپر اور ٹینکرز فٹنس اور اوور اسپیڈ کرنے پر ضبط کیے گئے۔
ٹریفک پولیس نے ٹریفک پولیس کی بڑی اور چھوٹی 25گاڑیوں کی فٹنس نہ ہونے پر رجسٹریشن منسوخ کرنے اور فٹنس نہ ہونے پر 174 بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی منسوخ کرنے کی بھی سفارش کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ ان فِٹ و غیر رجسٹرڈ گاڑیوں پر زیرو ٹالرنس ہے۔
انہوں نے کہا کہ فینسی نمبر پلیٹس و کالے شیشوں پر فوری چالان کیا جائے۔ ٹریفک قوانین کی مکمل عملداری یقینی بنائی جائے۔
دوسری جانب سینیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا اور تمام متعلقہ ادارے اس میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ شہری قانون کا احترام کریں اور اپنی گاڑیوں کو مکمل دستاویزات، فٹنس اور رجسٹریشن کے ساتھ سڑکوں پر لائیں۔