19 اپریل ، 2025
کراچی میں نوجوان مصطفیٰ عامر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم ارمغان کے گھر پر پولیس کے چھاپے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس میں ملزم کو پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
8 فروری کو ارمغان کے گھر پرپولیس چھاپےکی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے۔ فوٹیج میں ملزم ارمغان کو ایم فور رائفل سے پولیس پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں اے وی سی سی پولیس کو ڈیفنس خیابان مومن میں ملزم ارمغان کےگھر پر داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس چھاپےکے دوران ملزم کی فائرنگ سے ڈی ایس پی اے وی سی سی احسن ذوالفقار اور پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔
چھاپے کے دوران فوٹیج میں گھر میں موجودایک لڑکی کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کی کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد ملزم ارمغان کو گرفتار کیا گیا۔
6 جنوری کو مصطفیٰ عامرکو اسی گھر میں تشدد کے بعد گاڑی سمیت زندہ جلا دیا گیا تھا، اس ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔