Time 15 اپریل ، 2025
پاکستان

ارمغان کے والٹ اکاؤنٹ میں ممکنہ طور پربڑی مالیت کے بٹ کوائن موجود ہیں: ایف آئی اے رپورٹ

مصطفیٰ قتل کیس کے ملزم ارمغان سے منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ اس کے والٹ اکاؤنٹ میں ممکنہ طور پربڑی مالیت کے بٹ کوائن موجود ہیں۔

 ارمغان کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں ایف آئی اے نے پیشرفت رپورٹ انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں جمع کروادی ہے۔

ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق  ملزم سے جیل میں کی گئی تفتیش میں منی لانڈرنگ کے شواہد ملے، ملزم ارمغان کے خلاف 2019 سے 2025 کے دوران متعدد مقدمات درج ہیں، ملزم کال سینٹر کے ذریعے غیر ملکیوں سے فراڈ کرتا تھا، ملزم نے غیر قانونی طریقے سے حاصل رقم مرچنٹ اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی تھی، ملزم  ملازمین کے نام پرکھولےگئے7 اکاؤنٹ استعمال کر رہا تھا، ان اکاوئنٹس کے ذریعے 21 کروڑ  روپےکی ٹرانزیکشن کی گئی۔

ایف آئی اے کے مطابق  ملزم  نے جنوری 2023 سے 23 ستمبر 2025  تک 15 کروڑ 50 لاکھ کی قیمتی گاڑیاں خریدیں، ملزم ارمغان سے 11کروڑ مالیت کی 2 گاڑیاں برآمد کی جاچکی ہیں ، ملزم ارمغان 2 آف لائن ڈیجٹیل والٹ استعمال کر رہا تھا، والٹ اکاؤنٹ میں ممکنہ  طور  پربڑی مالیت کے بٹ کوائن موجود ہیں، ان والٹ اکاؤنٹس کے پاس ورڈ  تک رسائی ابھی نہیں ہوسکی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم  سے  بےنامی ٹرانزیکشن اور  بینک اکاؤنٹس سے متعلق مزید تفتیش کرنی ہے، ملزم سے مزید ایک بلیک کیبن گاڑی بھی برآمد کرنی ہے، ملزم کا مزید 9 دن کا ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو  مزید 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اےکے حوالے کردیا۔

دوسری جانب ارمغان کو سینے میں درد کی شکایت پر اسپتال لے جایاگيا لیکن ڈاکٹروں نے اسے صحت مند قرار  دے دیا۔


مزید خبریں :