20 اپریل ، 2025
کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے جلدی امراض تیزی سے پھیلنے لگے۔
گرمی کی وجہ سے سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ریش، اسکن الرجی، گرمی دانے اور فنگل انفیکشن کے مریضوں کا رش لگ گیا ہے۔
اس حوالے سے ماہر امراض جلد جناح اسپتال ڈاکٹر رابعہ غفور نے بتایا گیا ہے کہ او پی ڈی میں روز 600 جلدی امراض کے مریض آرہے ہیں۔
ماہرامراض جلد سول اسپتال ڈاکٹر مہیش نے بھی جلدی امراض کے یومیہ 600 سے زائد مریضوں کے اسپتال آنے کا بتایا۔
ادھر ایم ایس اسکن اسپتال کے ڈاکٹر عبداللہ کے مطابق اسکن اسپتال صدر میں آنے والے مریضوں کی یومیہ تعداد 5 ہزار تک ہے۔
اس کے ساتھ ہی طبی ماہرین نے جلدی امراض کی صورت میں (سیلف میڈیکیشن) سے گریز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لوگ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، جلدی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے جسم کو خشک اور ٹھنڈا رکھیں۔
طبی ماہرین کے مطابق پسینہ آنے کے بعد جلدِ فوراً صاف کریں تاکہ ریشز نہ ہوں، تنگ کپڑوں کے بجائے ہلکے اور ڈھیلے لباس پہنیں، خارش، دانے یا انفیکشن کی صورت میں فوراً ماہر امراض جلد سے رجوع کریں۔