20 اپریل ، 2025
بیروت: لبنانی فوج کی جانب سے اسرائیل پر ممکنہ راکٹ حملے کو ناکام بنانے اور حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق نومبر میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے بعد پہلی بار لبنانی فوج نے کسی ممکنہ راکٹ حملے کو ناکام بنایا ہے۔
لبنانی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک نامعلوم گروہ سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا جو اس سے قبل اسرائیل پر راکٹ حملوں میں ملوث رہے ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ جنوبی لبنان کے شہر صیدا کے علاقے میں ایک اپارٹمنٹ سے راکٹ اور لانچرز بھی برآمد کیے گئے ہیں اور راکٹ حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
لبنانی وزیراعظم نواف شریف کے دفتر کی جانب سے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات ملک میں استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے سکیورٹی اداروں پر زور دیا کہ وہ ایسے منصوبوں کو ناکام بنائیں جو لبنان کو مزید جنگوں میں دھکیلنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ لبنانی ریاست اپنی خودمختاری کی جانب قدم بڑھا رہی ہے اور اپنے ہی سکیورٹی اداروں کی بنیاد پر قومی سلامتی کو یقینی بنا رہی ہے۔
لبنانی وزیر اعظم نواف شریف نے مزید کہا کہ صرف لبنانی ریاست کے پاس ہی جنگ و امن کے فیصلوں کا اختیار ہے اور اسلحہ رکھنے کا اختیار بھی صرف ریاست کو ہی حاصل ہے۔