20 اپریل ، 2025
یونان میں ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں کی دلچسپ ’راکٹ جنگ‘ سے آسمان جگمگا اٹھا۔
غیر ملکی خبررسا ں ایجنسی کے مطابق یونان کے جزیرے خیوس کے شہر ورونتادوس کے مقامی باشند صدیوں پرانی روایت کے تحت ایسٹر کا جشن مناتے ہیں جس میں قصبے کے آرتھوڈوکس گرجا گھر گھریلو ساختہ راکٹوں سے مخالف گرجا گھر کے بیل ٹاورز کو نشانہ بناتے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق ابتدا میں گھریلو ساختہ راکٹوں کے بجائے لوگ توپوں کے ذریعے فائر کرکے ایسٹر کا جشن مناتے تھے تاہم بعد کے ادوار میں توپوں کی جگہ کم نقصان دہ چھوٹے راکٹوں نے لے لی۔
ورونتادوس کے ایک رہائشی کے مطابق اگرچہ حالیہ برسوں میں قواعد و ضوابط کے باعث راکٹوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، لیکن یہ رسم آج بھی پورے جزیرے خصوصاً ورونتادوس میں جوش و خروش سے منائی جاتی ہے۔