22 اپریل ، 2025
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہر قیمت پر نہروں کا منصوبہ نہ بننے دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایک بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ ہر گارنٹی دینے پر تیار ہیں کہ سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے نہروں کا منصوبہ بننے نہیں دے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جولائی 2024 سے نہر منصوبے پر کام اور نومبر سے ایکنک میں منظوری رکی ہوئی ہے، اس بات پر ناخوش ہیں کہ اب تک اس منصوبے کو ختم کیوں نہیں کیا گیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو بھی نہروں کے نتائج کی سنگینی کا اندازہ ہے، امید ہے وزیراعظم انصاف سے کام لیں گے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا وکیل اور قوم پرست احتجاج ضرور کریں مگر اپنے لوگوں کو تکلیف دینے سے گریز کریں، پیپلزپارٹی اور مظاہرین کا مقصد ایک ہے، اگر ہم ناکام ہوئے تو پھر ہم بھی ہر طرح سے احتجاج کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے نہروں کے معاملے پر مسلسل تیسرے روز وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن سے فون پر رابطہ کیا۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ راناثنااللہ نے اس معاملے پر سنجیدگی دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف یہ معاملہ بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی چاہتے ہیں کہ وزیراعظم سندھ کے عوام کےخدشات دور کریں۔
انہوں نے کہا ایک طرف (ن) لیگ کے سنجیدہ لوگوں سے بات جاری ہے اور دوسری طرف کچھ وزرا الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں، شاید پنجاب حکومت یہ چاہتی ہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے بھی ویسے ہی بیانات آئیں اور نتیجے میں وفاقی حکومت متاثر ہو۔