Time 22 اپریل ، 2025
کاروبار

امریکی مصنوعات پر پاکستان میں غیرضروری رکاوٹیں ہیں تو جائزہ لینےکو تیار ہیں: وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کا کہنا  ہے کہ امریکا سے ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے  پر  بات چیت جاری ہے، امریکی مصنوعات پر پاکستان میں کوئی غیر ضروری جانچ پڑتال یا رکاوٹیں ہیں تو  جائزہ لینے کو تیار ہیں۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان امریکا سے مزیدکپاس اور سویابین خریدنے کا خواہش مند ہے،کان کنی اور معدنیات کے نئے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے ، امریکا کے ساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط بڑھانا چاہتے ہیں، جلد ایک سرکاری وفد امریکا جائےگا۔

 وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے،غیرٹیرف رکاوٹوں کوختم کرنے پر بھی بات چیت جاری ہے  تاکہ امریکی مصنوعات کے لیے پاکستانی منڈیوں کے دروازے کھل سکیں، امریکی مصنوعات پرپاکستان میں کوئی غیرضروری جانچ پڑتال یارکاوٹیں ہیں توجائزہ لینے کو  تیار ہیں۔

محمد اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی فرموں کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے، پاکستان معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنےکا خواہشمند ہے، ترقی کے سفر میں سرمائےکے حصول کے لیے عالمی مالیاتی منڈیوں سے رجوع کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان کو معاشی اتار چڑھاؤ کے چکر سے نکالنا ہمارا نصب العین ہے۔

مزید خبریں :