22 اپریل ، 2025
اس ماہ کے شروع میں، جب وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، تو وفاقی حکومت نے اس اقدام کو عوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک تشہیری مہم شروع کی۔ اس میں وزیراعظم کا خودکار پیغام کالر ٹیون کے طور پر چلایا گیا۔
جلد ہی، سوشل میڈیا پر ایک اسکرین شاٹ گردش کرنے لگا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی اداکارہ اقراء عزیز نے فیس بک پوسٹ میں کالر ٹیون کا مذاق اُڑایا ہے۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔ اداکارہ کی جانب سے ایسی کوئی پوسٹ یا تبصرہ نہیں کیا گیا۔
14 اپریل کو ایک فیس بک صارف نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ اقرا ءعزیز نے ”مزاحیہ انداز میں سوشل میڈیا پر تبصرہ کیا“ اور کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں چاہے 100روپے فی یونٹ اضافہ کردیں لیکن شہباز شریف کی کالر ٹیون ہٹا دیں۔
صارف نے مزید لکھا کہ ”اُن کا مزاحیہ تبصرہ تیزی سے وائرل ہو گیا اور بہت سے لوگوں کو پسند آیا جنہیں وزیراعظم کا کالر ٹیون پیغام ناگوار گزرتا تھا۔“
اس پوسٹ میں اقرا ءعزیز کی مبینہ اردو پوسٹ کا ایک اسکرین شاٹ شامل تھا، جس میں لکھا تھا: ”بجلی 100 روپے مہنگی کر دو،مگر یہ کالر ٹیون سے شہباز کی آواز ہٹا دو، مہربانی ہوگی۔“
مبینہ اسکرین شاٹ X (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی شیئر کیا گیا، جہاں بعض صارفین نے اسے حقیقی سمجھ لیا۔ اسی طرح ایک پوسٹ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو لیکر اداکارہ کو مذاق اُڑانے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اقرا ءعزیز نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔ یہ پوسٹ ایک فیس بک اکاؤنٹ سے سامنے آئی تھی جو اداکارہ سے منسوب ہونے کا غلط دعویٰ کر رہا تھا۔
جعلی پوسٹ کو بعد ازاں ڈیلیٹ کر دیا گیا ۔
مائدہ عظمت، جو کہ اقراء عزیز کی میڈیا اور کمیونیکیشنز کی ذمہ دار ایجنسی Mint PR کی چیف آپریٹنگ آفیسر ہیں، نے جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کی کہ یہ پوسٹ جعلی ہے۔ مائدہ عظمت نے کہا: ”یہ ایک جعلی اکاؤنٹ ہے جس نے یہ پوسٹ کی ہے۔“
جعل سازی کرنے والے فیس بک اکاؤنٹ نے، جس نے یہ پوسٹ 13 اپریل کو اپلوڈ کی تھی، بعد ازاں اسے بھی ڈیلیٹ کر دیا ہے۔ مذکورہ صفحہ یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔
منٹ پی آر (Mint PR) نے اقراء عزیز کے آفیشل فیس بک پیج کا لنک بھی شیئر کیا، جس پر 13 اپریل یا اس کے آس پاس وزیراعظم کا مذاق اُڑانے والی کوئی پوسٹ موجود نہیں تھی۔
فیصلہ: وہ وائرل پوسٹ جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ اقراءعزیز نے وزیراعظم شہباز شریف کی کالر ٹیون کا مذاق اُڑایا اور انہیں بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا مشورہ دیا، غلط ہے۔ یہ بیان اداکارہ سے منسوب ایک جعلی فیس بک اکاؤنٹ سے دیا گیا تھا۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرامeo_factcheck @پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔