Time 24 اپریل ، 2025
کاروبار

عالمی تجارت میں تناؤ سے ممالک میں دو طرفہ تجارت کی اہمیت بڑھے گی: وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہےکہ عالمی تجارت میں تناؤ کے باعث علاقائی تجارت اور مختلف ممالک میں دو طرفہ تجارت کی اہمیت بڑھے گی۔

محمد اورنگزیب نے چین کے وزیر خزانہ لان فوان سے ملاقات کی اور پانڈا بانڈ کے اجراء کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے چین کے پیپلز بینک آف چائنا سے تعاون کی درخواست کی۔

 وزیر خزانہ نے سعودی ہم منصب محمد الجدعان سے ملاقات میں اقتصادی ترقی کے سفر میں سعودی عرب کی طویل مدتی حمایت، بالخصوص آئی ایم ایف پروگرام میں معاونت پر اظہار تشکر کیا۔

محمد اورنگزیب کی اماراتی وزیر مملکت مالی امور محمد بن ہادی الحسینی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں مفاہمتی یادداشتوں کو عملی معاہدوں میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ 

اس کے علاوہ محمد اورنگزیب نے سینٹر فار گلوبل ڈیولپمنٹ کے تحت مذاکرے سے خطاب میں کہا کہ عالمی تجارت میں تناؤ کے باعث علاقائی تجارت اور مختلف ممالک میں دو طرفہ تجارت کی اہمیت بڑھے گی۔

ادھر وزیرخزانہ نے ایم ڈی آئی ایم ایف کےساتھ MENAP میناپ وزرائے خزانہ و گورنرز کے اجلاس میں بھی شرکت کی اور ادارہ جاتی صلاحیت سازی کے لیے آئی ایم ایف سے تکنیکی معاونت میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے صدر گیٹس فاؤنڈیشن گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی سے ملاقات میں پولیو کے خاتمے کےلیے معاونت جاری رکھنے کی اپیل کی۔

مزید خبریں :