فیکٹ چیک: وائرل ویڈیو میں گرنے والے شخص شہباز شریف نہیں بلکہ لبنانی صدر ہیں

یہ ویڈیو مڈل ایسٹ آئی (Middle East Eye ) نے 29 مارچ 2017 کو پوسٹ کی، جس میں گرنے والے شخص کی شناخت اُس وقت کے لبنانی صدر مائیکل عون کے طور پر کی گئی، جو عرب لیگ سربراہی اجلاس کے دوران گر گئے تھے۔

سوشل میڈیا پر  ایک چھوٹا سا ویڈیو کلپ  اس دعوے کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے کہ  اردن میں سربراہی اجلاس کے دوران  وزیراعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں کے سامنے لڑکھڑا کر منہ کے بل گرگئے۔

یہ دعویٰ غلط ہے۔

اس ویڈیو کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس میں وزیرِاعظم کو نہیں دکھایا گیا۔

دعویٰ

5 مارچ کو فیس بک صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں متعددعالمی رہنما ایک بین الاقوامی تقریب میں دکھائی دے رہے ہیں اور اس دوران ایک شخص لڑکھڑا کر گر جاتا ہے، ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے: ”میٹنگ کے دوران شہباز شریف کو چکر آ گیا۔“

اس آرٹیکل کی اشاعت تک، اس پوسٹ کو 27 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا تھا اور تقریباً 13 ہزار صارفین نے اسے لائک کیا تھا۔

فیکٹ چیک: وائرل ویڈیو میں گرنے والے شخص شہباز شریف نہیں بلکہ لبنانی صدر ہیں

یہی دعویٰ فیس بک اور انسٹاگرام پر دیگر پوسٹس میں بھی شیئر کیا گیا۔

حقیقت

ویڈیو میں موجود شخص پاکستانی وزیرِاعظم شہباز شریف نہیں ہیں، درحقیقت، یہ ویڈیو 2017 کی ہے اور اس میں اُس وقت کے لبنانی صدر اردن میں ہونے والے عرب لیگ سربراہی اجلاس کے دوران لڑکھڑاتے ہوئےگر گئے تھے۔

جیو فیکٹ چیک کو ریورس سرچ کے ذریعے معلوم ہوا کہ اس ویڈیو کو برطانیہ میں قائم ڈیجیٹل نیوز آؤٹ لیٹ مڈل ایسٹ آئی (MEE) کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر 29 مارچ 2017 کو پوسٹ کیا گیا تھا، جس میں گرنے والے شخص کی شناخت اُس وقت کے لبنانی صدر مائیکل عون کے طور پر کی گئی تھی، جو ”عرب لیگ سربراہی اجلاس میں ٹھوکر کھا کر گرگئے تھے۔“

مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ یہاں دیکھی جا سکتی ہے:

یہ واقعہ جس دن پیش آیا، اُسی روز بی بی سی نیوز عربی اور رائٹرز نے بھی اس کی رپورٹنگ کی تھی۔ 

بی بی سی نیوز کی رپورٹ یہاں دیکھی جا سکتی ہے، جبکہ رائٹرز کی رپورٹ یہاں پڑھی جاسکتی ہے۔

اس کے علاوہ، کسی بھی معتبر پاکستانی میڈیا ادارے نے حالیہ دنوں میں وزیرِاعظم شہباز شریف کے ساتھ پیش آنے والے ایسے کسی واقعہ کو رپورٹ نہیں کیا۔

فیصلہ: ویڈیو میں وزیرِاعظم شہباز شریف نظر نہیں آ رہے،  یہ 2017 کی ایک پرانی ویڈیو ہے جس میں لبنان کے سابق صدر مائیکل عون دکھائی دے رہے ہیں۔

ہمیں X (ٹوئٹر)GeoFactCheck@ اور انسٹا گرامgeo_factcheck@ پر فالو کریں۔

 اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔