26 اپریل ، 2025
مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے تاہم سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کیلئے کرتارپور راہداری معمول کے مطابق کھلی ہے۔
حال ہی میں کرتارپور راہداری پر پنجاب پولیس کے اہلکار کی سکھ یاتریوں کے استقبال کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اہلکار کے جذباتی انداز نے پاکستان کی مہمان نوازی کی خوبصورت عکاسی کی۔
وائرل ویڈیو میں پنجاب پولیس کے ایک اہلکار کو سکھ یاتریوں کا استقبال منفرد انداز میں کرتے دیکھے گیا۔
اس موقع پر پولیس اہلکار نے ایک ضعیف سکھ خاتون کو گلے لگایا اور انہیں اپنی ماں کہتے ہوئے جذباتی انداز میں نظم پڑھی، اس دوران موقع پر موجود سکھ یاتری اور مقامی افراد بھی جذباتی ہوگئے جب کہ ضعیف خاتون اہلکار کے سینے سے لگ کر روتی رہیں۔
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے احترام و محبت بھرے تبصرے شیئر کیے جارہے ہیں۔