فیکٹ چیک: سی این این کے سروے میں عمران خان کی 90 فیصد مقبولیت کا دعویٰ غلط ہے

سی این این نے جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کی ہے کہ وائرل پوسٹس میں ذکر کیا گیا سروے اس نے نہیں کیا۔

سوشل میڈیا صارفین اس دعویٰ پر یقین کرتے نظر آتے ہیں کہ پاکستان میں سی این این کی جانب سے کیے گئے ایک حالیہ سروے کے مطابق جیل میں قیدپاکستان کے سابق وزیرِاعظم عمران خان کی مقبولیت 90 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

دعویٰ غلط ہے۔

دعویٰ

17 اپریل کو ایک صارف نے X، (جسےپہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا) پر لکھا: ”سی این این کے حالیہ سروے کے مطابق عمران خان کی پاپولیریٹی 90% ہو گئی ہے، الحمد اللہ، وائرل کریں اس ٹوئٹ کو۔“

اس پوسٹ میں ایک گرافک بھی شامل تھا جس میں سی این این کا لوگو اور یہ عبارت درج تھی: ”تازہ ترین سروے میں عمران خان کی مقبولیت 90 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔“

اس آرٹیکل کے لکھے جانے تک پوسٹ کو 86 ہزار سے زائد دفعہ دیکھا، 5 ہزار 300 سے زائد مرتبہ ری پوسٹ اور 11ہزار سے زیادہ بار لائک کیا گیا۔

فیکٹ چیک: سی این این کے سروے میں عمران خان کی 90 فیصد مقبولیت کا دعویٰ غلط ہے

اسی طرح کے دعوے ایکس، ٹک ٹاک، اور فیس بک پر بھی شیئر کیے گئے۔

حقیقت

امریکا میں قائم میڈیا ادارے CNN نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی پاکستان میں مقبولیت سے متعلق ایسا کوئی سروے نہیں کیا ہے۔

سی این این نے جیو فیکٹ چیک کو تحریری جواب میں تصدیق کی کہ اس نے وائرل پوسٹس میں ذکر کیا گیا سروے نہیں کیا۔

مزید برآں، CNN کی ویب سائٹ یا اس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس طرح کے سروے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

فیصلہ: امریکی خبر رساں ادارے نے ایسا کوئی سروے نہیں کیا جس میں عمران خان کی مقبولیت 90 فیصد ظاہر کی گئی ہو۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرامeo_factcheck @پر فالو کریں۔

 اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔