27 اپریل ، 2025
غزہ کے ساتھ اسرائیل کی لبنان پر جارحیت بھی جاری ہے، اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بمباری کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے بیروت میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا، فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے دحیہ میں ایک عمارت کو بمباری کا نشانہ بنایا، اس سے پہلے بمباری کے لیے وارننگ بھی جاری کی گئی تھی، بمباری کے بعد علاقے میں دھوئیں کے بادل چھاگئے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے میں حزب اللہ کے ایک گودام کو نشانہ بنایا جہاں بھاری اسلحہ موجود تھا۔
دوسری جانب اسرائیل نے ایک اور ڈرون حملے میں حزب اللہ کے کمانڈر کو شہید کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔
لبنان کے صدر جوزف عون نے امریکا اور فرانس سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالےکہ وہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرے۔
جوزف عون کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدے کے ضامن ہونے کے ناطے امریکا اور فرانس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔
لبنانی صدر نے کہا کہ اسرائیل لبنان کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچا کر کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے۔