29 اپریل ، 2025
پاکستانی اداکارہ و ماڈل علیزے شاہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اسے جہنم سے بھی زیادہ بری جگہ قرار دے دیا۔
علیزے شاہ گزشتہ کئی عرصے سے سوشل میڈیا پر تنازعات کا شکار ہیں، کبھی سوشل میڈیا صارفین ان پر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں تو کبھی وہ خود صارفین سے ناراضی کا اظہار کرتی ہیں۔
اب انسٹاگرام پر بار بار تنقید سے تنگ آکر اداکارہ نے اس سے کنارہ کرنے کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی ایک اسٹوری بھی شیئر کی جس میں اداکارہ نے سوشل میڈیا کو جہنم سے بھی زیادہ بری جگہ قرار دیا۔
اس کے علاوہ ان کے انسٹاگرام پر درج بائیو بھی توجہ کا مرکز بن گیا جس میں اداکارہ نے لکھا 'ناٹ ڈیڈ'۔
سوشل میڈیا چھوڑنے سے قبل علیزے شاہ نے فینز کے ساتھ اپنی جذباتی جدوجہد کو شیئر کیا تھا، اور بتایا کہ وہ دنیا کے سامنے خود کو مضبوط دکھاتی ہیں لیکن وہ ذاتی طور پر جنگ لڑ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا تھا کہ اداکاری میں کردار حاصل کرنے کے لیے انہوں نے کبھی بھی اپنی اخلاقیات پر سمجھوتا نہیں کیا تاہم ان سب کے باوجود انہیں عوام کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا رہا۔
علیزے شاہ کے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنے کے بعد ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کوئی پوسٹ موجود نہیں جب کہ اداکارہ نے سب کو ان فالو بھی کردیا۔