29 اپریل ، 2025
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کو ٹیلی فون کرکے جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال پر گفتگو کی اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیےکردار ادا کریں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کو کہا کہ سندھ طاس کا پانی 24 کروڑلوگوں کی لائف لائن ہے،کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں اپنی سالمیت کا دفاع کریں گے، پاکستان پر بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انتونیو گوتریس کو بتایا کہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی غیر ذمہ دارانہ اقدامات ناقابل قبول ہیں، یو این سیکرٹری جنرل بھارت کو ذمہ داری اور تحمل سےکام لینےکا مشورہ دیں، جموں و کشمیر کا حل طلب مسئلہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیےکردار ادا کریں۔
اعلامیے کے مطابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا اس اہم وقت میں خطے میں کسی قسم کی کشیدگی کی متحمل نہیں ہوسکتی۔