Time 30 اپریل ، 2025
دنیا

بھارت اور پاکستان کشیدگی نہ بڑھائیں، مسئلے کا حل نکالیں: امریکا کا دونوں ممالک پر زور

بھارت اور پاکستان کشیدگی نہ بڑھائیں، مسئلے کا حل نکالیں: امریکا کا دونوں ممالک پر زور
فوٹو: فائل

امریکا نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد بڑھتی کشیدگی کے دوران صورتحال مزید خراب نہ کی جائے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر پاکستان اور بھارت دونوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور ان سے کہا جارہا ہے کہ کشیدگی میں اضافہ نہ کریں۔

ایک سوال پر ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو پاکستان اور بھارت کے وزرا خارجہ سے آج یا کل بات کریں گے۔ وہ دیگر قومی رہنماوں اور وزرا خارجہ کی بھی حوصلہ افزائی کررہے ہیں کہ وہ بھی اس مسئلہ پر پاکستان اور بھارت سے رابطہ کریں۔

ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ اس معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔پاکستان اور بھارت میں اپنے ہم منصب سے وزیر براہ راست بات کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ یقیناً اس کا ویسا ہی اثر ہوگا جیسا کہ وزیر دیگر لوگوں سے بات کرتے ہیں۔

ٹیمی بروس نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت کی موجودگی میں یقیناً پاکستان اور بھارت کے لیے وہ بات چیت اہم ہے۔

ایک اور سوال پر ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکا صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان اور بھارت کی حکومتوں سے نہ صرف وزیر خارجہ کی سطح پر بلکہ کئی سطح پر رابطہ ہے اور فریقوں سے کہا جارہا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ حل نکالیں کیونکہ دنیا یہ صورتحال دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس لمحہ سب سے اہم یہ ہے کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو کی بات چیت کا نتیجہ نکلے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔

بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت کیے جانے والے اقدامات پر پاکستان نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔

مزید خبریں :