01 مئی ، 2025
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارت کی دھمکیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن یہ ہماری فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
ایک نجی پروگرام میں شاہد آفریدی نے بھارت کی جانب سے دی جانے والی گیدڑ بھپکیوں پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم کافی عرصے سے حالت جنگ میں ہیں، ہماری فوج اتنی تربیت یافتہ ہوگئی ہے کہ یہ ہماری فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردی کو کون سپورٹ کرتا ہے؟ نہ ہمارا ملک کرتا ہے اور نہ ہمارا مذہب کرتا ہے، ہم دہشتگردی کا مقابلہ کتنے عرصے سے کر رہے ہیں، ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں، ہمارا مذہب بھی اس کیخلاف ہے، ہمارا مذہب امن کا نام ہے اور امن کی بات کرتا ہے۔
اس سے قبل بھی شاہد آفریدی نے ایک بیان میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے نکما قرار دیا تھا، جس پر سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون بھڑک اٹھے اور ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کو تنقیدکا نشانہ بنایا۔
اس پوسٹ کے جواب میں شاہد آفریدی نے فوجی شرٹ پہن کر ایکس پر تصویر پوسٹ کی اور چائےکا کپ پکڑ کر شیکھر دھون کو چائےکی پیشکش کی تھی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت کیے جانے والے اقدامات پر پاکستان نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔