07 مئی ، 2025
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹڑ جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے بھارتی جارحیت کا جواب کب اور کیسے دینا ہے، وقت اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے۔
بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے نقصان اور پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے متعلق تازہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے مساجد، سول آبادی اور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے اسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ دو بچوں سمیت 26 معصوم شہری شہید اور 46 افراد زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا بھارتی جارحیت کا بھرپور طریقے سے جواب دیا گیا، بھارت کے 5 طیارے اور ایک ڈرون گرایا گیا، کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا گیا، آئندہ بھی بھارتی جارحیت کا پوری طاقت سے جواب دیتے رہیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا بھارتی جارحیت کا جواب کب اور کیسے دینا ہے، وقت اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے۔