10 مئی ، 2025
بھارت نے پاکستان سے منہ کی کھانے کے بعد مذاکرات کی میز پر آگیا۔
گزشتہ دنوں بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی جس کا مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا اور 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی جہاز گرائے اور گزشتہ رات میں آپریشن بُنیان مّرصُوص لانچ کیا۔
پاکستان کے تباہ کن جواب میں بھارتی دفاعی نظام نیست و نابود ہوگیا اور دشمن فوج نے نقصان کا اعتراف کرلیا۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی ہوگئی اور اس کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا اور بیان میں کہا کہ امریکا کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان فوری جنگ بندی پر متفق ہوگئے۔
پاکستان اور بھارت نے بھی جنگ بندی پر متفق ہونے کا اعلان کیا اور دونوں کے درمیان ساڑھے 4 بجے سے سیز فائر شروع ہوگیا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق پچھلے 48 گھنٹوں سے میں اور نائب صدر جے ڈی وینس بھارتی اور پاکستانی حکام سے رابطے میں تھے، پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف عاصم منیر، قومی سلامتی مشیرعاصم ملک سے بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، وزیرخارجہ جے شنکر اور قومی سلامتی مشیر اجیت دوول سے بات ہوئی اور خوشی ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری جنگ بندی پر رضامند ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک وسیع تر مسائل پر کسی غیرجانب دار مقام پر بات چیت کیلئے بھی رضامند ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم مودی کی دانشمندی، تدبر اور مدبرانہ قیادت قابل تعریف ہیں۔
دوسری جانب بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری کا کہنا تھاکہ پاک بھارت جنگ بندی ہوگئی ہے، جنگ بندی پر پاکستانی وقت کے مطابق شام 4:30 بجے سے عمل ہوچکا ہے، پاک بھارت ڈی جی ایم اوز 12 مئی کو بات چیت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت ڈی جی ایم اوزکے درمیان آج بات چیت ہوئی تھی اور بات چیت میں دونوں طرف سے آج شام سےبری،بحری اور فضائی فائربندی پر اتفاق ہوا تھا۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی بیان میں کہا کہ بھارت،پاکستان نے فوجی کارروائی روکنےکیلئے مفاہمت پر کام کیا ہے۔
خیال رہےکہ پاکستان نے متعدد دفعہ بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کی تھی تاہم مودی سرکار ہمیشہ انکار کرتی رہی۔