10 مئی ، 2025
امریکی صحافی نک رابرٹسن نے پاکستان اوربھارت کے درمیان سیزفائر کی تفصیلات سے پردہ اٹھا دیا اور سنسنی خیز انکشافات کیے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے انٹرنیشنل ڈپلومیٹک ایڈیٹر نک رابرٹسن نے ٹی وی انٹرویو میں بتایاکہ کئی دنوں سے پوری دنیا بھارت اور پاکستان کے درمیان سیزفائرکی کوشش کر رہی تھی مگر کامیاب نہیں ہوئی، پھر بھارت نے پاکستان کی ائیربیسز پرحملہ کیا۔
انہوں نے بتایاکہ بھارتی حملے کے بعد پاکستان نے بھارت پرنہ رکنے والے میزائلوں کی بارش کردی، پاکستانی میزائل حملوں کے بعد بھارت مذاکرات کی میزپرآنے پرمجبور ہوا اور پاکستان کے میزائل حملوں نے بھارت کوپیچھے ہٹنے پر مجبورکردیا۔
امریکی صحافی کا کہنا تھاکہ امریکی وزیرخارجہ نے سعودی عرب اور ترک حکام سے رابطہ کیا، سعودی اورترک حکام سے رابطے کے بعد سفارتی طریقے سے معاملہ حل ہوا اور سیزفائر ممکن ہوا۔
خیال رہے کہ بھارت کی جارحیت پر پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا اور آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص ( آہنی دیوار) کے دوران بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔
آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ائیر بیسز اور فیلڈز کو تباہ کیا، بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلواڑا ائیر فیلڈز بھی تباہ کیں۔
پاکستانی فتح 1 میزائل سسٹم کے ذریعے متعدد بھارتی اہداف کو نشانہ بنایا، آدم پور میں پاک فوج نے جے ایف 17 تھنڈر سے بھارتی ائیر بیس پر ہائپر سونک میزائل سے ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کا ائیر ڈیفنس سسٹم ایس 400 تباہ کردیا۔ پاک فوج نے میزائل لے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر کی ویڈیو جاری کردی۔
پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جندی بندی ہوگئی۔