12 مئی ، 2025
بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے پاک فوج کی طاقت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک بہت بڑی فوج والا ملک ہے۔
بھارتی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ششی تھرور نے کہا کہ کچھ دوستوں سے سنا ہے کہ پاکستان کے پاس جدید ترین ہتھیار ہیں، میں نہیں سمجھتا مودی حکومت کو مزیدکسی مہم جوئی کا آغاز کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کوبحال کرنے میں کچھ وقت لگے گا تاہم پاک بھارت جنگ بندی کی ستائش کرتا ہوں۔
ششی تھرور کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو بچھڑے خاندانوں کو ملنے کی اجازت دی جانی چاہیے، ذاتی طور پر لوگوں سے لوگوں کے رابطے کے حق میں ہوں، ویزے جاری ہونے چاہئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی جس کا مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا اور 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی جہاز گرائے اور گزشتہ رات میں آپریشن بُنیان مّرصُوص لانچ کیا۔
پاکستان کے تباہ کن جواب میں بھارتی دفاعی نظام نیست و نابود ہوگیا اور دشمن فوج نے نقصان کا اعتراف کرلیا۔
بھارتی حکام کی جانب سے اس سے قبل 3 طیارے گرنے کی تصدیق کی گئی تھی تاہم اب پہلی بار بھارتی فضائیہ نے بالواسطہ طورپر رافیل طیارے پاک فضائیہ کے ہاتھوں گرائے جانے کا اعتراف کیا۔