12 مئی ، 2025
بھارت کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی اور 100انڈیکس نے 10 ہزار پوائنٹس کی سلامی دی۔
بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر جارحیت کا آغاز کیا تو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کا گرنا فطری تھا پورے ہفتے میں 6 ہزار 939 پوائنٹس گرا لیکن پاکستان کے جواب پر جب دنیا نے واہ واہ کی تو پھر انڈیکس کا بڑھنا بھی فطری تھا۔
اسٹاک بروکرز نے فتح پر انڈیکس کی بڑھوتری کا جشن کیک کاٹ کرمنایا۔ پاکستان اور افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
آج 100 انڈیکس ریکارڈ 10 ہزار 123 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 17 ہزار 297 پر بند ہوا۔
حصص بازار میں آج 73 کروڑ شیئرز کے سودے 30 ارب روپے میں طے ہوئے۔ بائیس اپریل کے بعد بازار کا یہ بڑا کاروباری حجم تھا۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج ایک ہزار 123 ارب روپے بڑھ کر 14 ہزار ارب عبور کرگئی۔ یہ سب پاکستان کے جواب کے سبب ہوا۔
مارکیٹ میں سکیورٹی تشویش دور ہوئی ہے اور اصلاحات کے سبب معیشت دن بدن توانا ہورہی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ معیشت نے اونچی اڑان بھرنے کا مضبوط پلیٹ فارم بنا لیا ہے، انہیں امیدیں ہیں کہ بجٹ تجاویز کے ذریعے حکومت اسے برقرار رکھے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کا اثر اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑا تھا اور بھارتی حملے کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں 6 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی۔
تاہم پاکستان کی جانب سے بھارت کو دیے جانے والے بھرپور اور منہ توڑ جواب کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک ایکسچنج میں بہتری آنا شروع ہو گئی تھی۔