12 مئی ، 2025
7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستانی شہروں پر فضائی حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر کئی ویڈیو کلپس گردش کرنے لگیں، جن کے بارے میں صارفین کا دعویٰ تھا کہ یہ سیالکوٹ اور راولپنڈی پر حالیہ حملوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
یہ دعوے غلط ہیں۔ ان ویڈیوز کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین ایک 21 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کر رہے ہیں، جس میں ایک پل پر دھماکہ دیکھا جا سکتا ہے، دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو آپریشن سندور کے دوران سیالکوٹ میں بھارت کی جانب سے تباہ کیے گئے پل کی ہے۔
یہ ویڈیو پاکستان سے نہیں ہے۔ اے ایف پی (AFP) فیکٹ چیک نے گزشتہ سال اس دعوے کو مسترد کیا تھا اور ویڈیو کو چلی (Chile) میں لگنے والی ایک آگ سے جوڑا تھا، جو پہلی بار فروری 2024 میں آن لائن پوسٹ کی گئی تھی۔
اس فیکٹ چیک کو یہاں پڑھا جا سکتا ہے:
ایک 22 سیکنڈ کی ویڈیو کلپ شیئر کی جا رہی ہے جس میں دھماکے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو سیالکوٹ پر بھارتی حملے کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔ ویڈیو 7 مئی کے حملے سے پہلے کی ہے اور پاکستان سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ ریورس امیج سرچ سے پتا چلا کہ یہ ویڈیو مارچ میں ممبئی میں ہونے والے گیس لیکج کے دھماکے کی ہے، جسے ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا تھا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ یہاں دیکھی جا سکتی ہے:
دعویٰ:
ایک 32 سیکنڈ کی ویڈیو کلپ میں مبینہ طور پر 7 مئی کے بھارتی فضائی حملوں کے بعد راولپنڈی میں ہونے والے متعدد دھماکوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ دعویٰ درست نہیں ہے۔ ریورس امیج اور کی ورڈ (keyword) سرچ سے پتا چلا کہ یہ ویڈیو اکتوبر 2023 میں آن لائن پوسٹ کی گئی تھی، اور یہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی سے بہت پہلے کی ہے۔
یہ اس اکاؤنٹ کا لنک ہے جس نے یہ ویڈیو اکتوبر 2023 میں پوسٹ کی تھی:
آن لائن گردش کرنے والی دو تصاویر میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان میں سیالکوٹ پر ہندوستانی فضائی حملوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ دعویٰ بے بنیاد ہے۔ جیو فیکٹ چیک نے تصدیق کی ہے کہ یہ تصاویر دراصل 2021 میں غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے کی ہیں، جن کا حالیہ واقعات سے کوئی تعلق نہیں۔
یہاں نیویارک ٹائمز کی رپورٹ ہے جس میں بائیں جانب پوسٹ کی گئی تصویر کو دیکھا جاسکتا ہے۔
یہاں DW کی رپورٹ میں دائیں جانب پوسٹ کی گئی تصویر کو دیکھا جاسکتا ہے۔
وہ ویڈیو کلپس اور تصاویر جو آن لائن گردش کر رہی ہیں اور دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ سیالکوٹ اور راولپنڈی پر بھارتی فضائی حملوں کو دکھاتی ہیں، غلط ہیں۔ تمام ویڈیوز اور تصاویر 7 مئی کے واقعے سے پہلے کی ہے اور موجودہ صورتحال سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر)GeoFactCheck@ اور انسٹا گرامgeo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔