Time 13 مئی ، 2025
انٹرٹینمنٹ

بھارت کیخلاف معرکہ حق کی کامیابی پرگلوکار ابرار الحق نے نیا ترانہ جاری کردیا

بھارت کے خلاف معرکہ حق کی کامیابی پر گلوکار ابرار الحق نے نیا ترانہ جاری کردیا۔

مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ پنجاب میں مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 2 مساجد شہید ہوئیں جب کہ حملوں میں 2 بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے۔

 بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ 29، ایک ایس یو تھرٹی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔

اس کے بعد پاکستان نے 10 مئی کی علی الصبح بھارت کی جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا اور آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص ( آہنی دیوار) کے دوران بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، پاکستان نے بھارت کا فضائی دفاعی نظام ایس 400 اور آدم پور اور ادھم پور سمیت متعدد ائیر فیلڈز کو تباہ کیا۔

بھارت کے ساتھ 22 اپریل سے 9 مئی تک کے معرکے کو معرکہ حق کا نام دیا گیا ہے۔

بھارت کیخلاف کامیابی پر گلوکار ابرار الحق نے ایک نیا ترانہ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے افواج پاکستان کی کامیابی کو سراہا، اس کے علاوہ گلوکار نے قوم کے جذبے کی بھی تعریف کی۔

گلوکار کا یہ ترانہ کافی وائرل ہورہا ہے اور مداحوں کی جانب سے اس ترانے کو پسند کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :