13 مئی ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ویڈیو آن لائن شیئر کی جا رہی ہے، جس میں وہ گزشتہ ماہ بھارت کی جانب سے سندہ طاس معاہدہ منسوخ کیے جانے کے بعدبظاہر پاکستان کا مذاق اڑاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
سندھ طاس معاہدہ ایک اہم آبی معاہدہ ہے جو ان دو جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان دریا کے پانی کی تقسیم کو منظم کرتا ہے۔
یہ دعویٰ غلط ہے، ٹرمپ کا بیان پاکستان سے متعلق نہیں ہے۔
30 اپریل کو ایک بھارتی اکاؤنٹ نے انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو کلپ شیئر کی، جس کے کیپشن میں لکھا تھا: ”ڈونلڈ ٹرمپ نے پانی پر پورے پاکستان کو ٹرول کر دیا۔“
ویڈیو میں امریکی صدر کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ”اوہ، مجھے پانی چاہیے، میری مدد کرو، مجھے پانی چاہیے، مدد کرو۔“
اس کے بعدڈونلڈ ٹرمپ کو ڈرامائی انداز میں پانی کی بوتل خالی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے کے وقت تک ویڈیو کو 39 ہزار 100 بار دیکھا، 11 ہزار400 مرتبہ لائک جبکہ4 ہزار 800 سے زائد مرتبہ شیئر کیا گیا ہے۔
یہی ویڈیو TikTok اور X (جسے پہلے ٹوئٹر کہا جاتا تھا) پر بھی پوسٹ کی گئی ہے۔
یہ ویڈیو 2016 کی ہے، حالیہ نہیں اور اس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ ویڈیو اُس وقت دوبارہ منظر عام پر آئی جب پہلگام میں ایک ہلاکت خیز حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا، جو 10 مئی کو جنگ بندی کے ساتھ ختم ہوئی۔
گوگل پر ریورس امیج سرچ کے ذریعے ویڈیو کے طویل ورژن 2016 میں CNN نیوز اور NBC نیوز کی جانب سے پوسٹ کیے گئے تھے۔
اُس وقت ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی امیدوار تھے اور ٹیکساس میں ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے، ویڈیو کلپ میں وہ اپنے ریپبلکن حریف مارکو روبیو کا مذاق اُڑاتے نظر آتے ہیں، اور پاکستان کا کوئی ذکر نہیں کرتے۔
فیصلہ: یہ دعویٰ کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ پانی کے مسئلے پر پاکستان کا مذاق اُڑایا، غلط ہے، وائرل ویڈیو 2016 کی ہے، جو ٹیکساس میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ریکارڈ کی گئی تھی، جہاں ٹرمپ مارکو روبیو کا مذاق اُڑا رہے تھے، نہ کہ پاکستان یا سندھ طاس معاہدے کا کوئی ذکر کر رہے تھے۔
ہمیں X (ٹوئٹر) @GeoFactCheck اور انسٹاگرام @geo_factcheck پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے توv [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔