Time 14 مئی ، 2025
دنیا

غزہ پر اسرائیل کا بد ترین حملہ، بمباری سے کئی مقامات پر زمین پھٹ گئی، 28 فلسطینی شہید

غزہ پر اسرائیل کا بد ترین حملہ، بمباری سے کئی مقامات پر زمین پھٹ گئی، 28 فلسطینی شہید
اسرائیلی فوج کی جانب سے خان یونس کے یورپی اسپتال کے احاطہ میں 9 بنکر بسٹر بم پھینکے گئے، بم پھٹنے سے کئی مقامات پر زمین پھٹ گئی—فوٹو: رائٹرز

جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس پر اسرائیل کے بد ترین حملے میں 20 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے خان یونس کے یورپی اسپتال کے احاطہ میں 9 بنکر بسٹر بم پھینکے گئے، بم پھٹنے سے کئی مقامات پر زمین پھٹ گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی حملے میں اب تک 28 فلسطینی شہید جبکہ 70 افراد زخمی بھی ہوئے۔

اسرائیل کی جانب سے زخمیوں کو نکالنے والوں پر بھی بمباری کی گئی، بم حملوں کے باعث اسپتال کے قریب کھڑی بس زمین میں دھنس گئی۔

ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق خان یونس میں حملے میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا ،  حماس رہنما اسپتال کے نیچے زیر زمین کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپلیکس میں تھے۔

دوسری جانب  فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے یحیٰی سنوار کے بھائی محمد سنوار کو قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔

غزہ کے عوام ایک بہتر مستقبل کے حقدار ہیں: امریکی صدر ٹرمپ

دورہ سعودی عرب میں خطاب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسرائیل کی غزہ پر جاری جنگ کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ دہشت گردی نے غزہ پٹی اور لبنان میں بہت سارے لوگوں کی جانیں ضائع کی،غزہ کے عوام کے ساتھ ناروا سلوک ناقابل تصور ہے، یہ ڈراؤنا خواب ختم ہونا چاہیے، مجھے جنگیں پسند نہیں، دنیا بھر میں امن کا خواہاں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام ایک بہتر مستقبل کے حقدار ہیں۔


مزید خبریں :