14 مئی ، 2025
پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام پربھارت کو خط لکھا دیا۔
ذرائع کے مطابق خط وفاقی سیکرٹری آبی و سائل سید علی مرتضیٰ کی طرف سے بھارتی ہم منصب کو لکھاگیا ہے جس میں پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ 1960 میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق ہی نہیں، بھارتی خط میں معطلی سے متعلق استعمال کیے گئے الفاظ کا معاہدے میں وجود ہی نہیں ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سندھ طاس معاہدےکو اپنی اصل شکل میں قائم سمجھتا ہے، سندھ طاس معاہدے میں کسی بھی طرح کی یک طرفہ چھیڑ چھاڑ کی گنجائش نہیں۔
ذرائع کے مطابق عالمی بینک نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے متعلق بھارتی مؤقف مسترد کر دیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے سندھ طاس معاہدے پر مذاکرات کی کوئی اپیل نہیں کی، پاکستان نے بھارت کی درخواست پر سندھ طاس معاہدے کے فریم ورک کے مطابق مذاکرات پر آمادگی بھی ظاہر کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کا پھیلایا گیا یہ تاثر یکسر بے بنیاد اور غلط ہےکہ پاکستان نے کوئی اپیل کی۔