Time 15 مئی ، 2025
دنیا

ٹرمپ کا سعودیہ کے بعد قطر کا دورہ ، تجارتی اور دفاعی تعاون کے معاہدوں پر دستخط

ٹرمپ کا سعودیہ کے بعد قطر کا دورہ ، تجارتی اور دفاعی تعاون کے معاہدوں پر دستخط
فوٹو: رائٹرز

دوحہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کے دورے کے بعد قطر پہنچ گئے جہاں انہوں نے قطر کے ساتھ تجارتی اور دفاعی تعاون کے معاہدوں پر ستخط کیے۔

دورہ سعودی عرب کے بعد امریکی صدر ٹرمپ بدھ کو  قطر  پہنچے جہاں دوحہ ائیرپورٹ پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ٹرمپ کا استقبال کیا۔

اس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شاہی محل آمد پر روایتی تلواروں کا رقص بھی پیش کیا گیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے شاہی محل میں امیر قطر سے بند کمرہ ملاقات کی جس میں غزہ، روس، یوکرین تنازع اور ایران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد ٹرمپ نے لوسيل محل میں امیر قطر کے عشائیے میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل کیلئے قطر امریکا کے ساتھ مل کرکام کر رہا ہے، ایران کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ 

دوسری جانب امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا دورہ قطر، امریکا تعلقات کو نئی بلندی پر لے کر جائے گا۔

قطر امریکا کی بوئنگ کمپنی سے 200 بلین ڈالر لاگت کے طیارے خریدے گا

امریکی صدر ٹرمپ نے قطر کے ساتھ تجارتی اور دفاعی تعاون کے معاہدوں پر بھی ستخط کیےجس میں امریکی کمپنی کے 200 ارب ڈالرز مالیت کے 160 طیاروں اور امریکی ایم کیو 9 بی ڈرون طیاروں کی فروخت شامل ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا، قطر کے درمیان ایک کھرب 200 ڈالر کا معاشی تبادلہ ہوگا۔

امریکی صدر ٹرمپ آج متحدہ عرب امارات جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب میں امریکا اور سعودی عرب کے درمیان 142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ دفاعی معاہدہ 6 سو ارب ڈالر کے سعودی سرمایہ کاری وعدے کا حصہ ہے۔

دفاعی معاہدوں میں جی ای گیس ٹربائنز کی برآمدات، توانائی کے شعبے میں 14 ارب 20 کروڑ ڈالر کا معاہدہ اور 4 ارب 80 کروڑ ڈالر کے 737 بوئنگ طیاروں کا معاہدہ بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :