15 مئی ، 2025
پاکستانی اداکارہ ثنا عسکری نے پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اداکارہ ثنا عسکری نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ملک میں بہت عزت دی جاتی ہے، لوگ محبت کرتے ہیں اور خاص طور پر ڈراموں سے بہت محبت ملتی ہے، ہمیں شاید ایک اسٹار والی اہمیت دینے نہیں آتی، ہم ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے میں لگے ہوتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر آپ کو بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہے تو آپ وہاں جا کر کام کیوں کرنا چاہتے ہیں؟ ابھی بھی بھارتی بول رہے ہیں کہ پاکستانی اداکار فواد خان کو فلم میں بین کرو۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے عزت سے کام کریں، اگر وہ آپ کو عزت سے بلارہے ہیں تو، دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر ہونا چاہیے کہ بھارتی اداکار پاکستان آکر بھی کام کریں اور ہمارے والے بھی وہاں جا کر کام کرسکیں۔
ثنا عسکری نے مزید کہا کہ اگر وہ ایک چھینک بھی مارنے کیلئے بلائیں گے تو پاکستانی وہاں دوڑتے ہوئے چلے جائیں گے کہ ہمیں بھارت نے بلایا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر جھوٹا الزام لگایا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی اور پاکستانی اداکاروں سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بلاک کردیے گئے۔
اس کے علاوہ میوزک البم سے پاکستانی فنکاروں کے نام اور تصاویر بھی ہٹا دی گئی ہیں۔