فیکٹ چیک : جعلی دستاویز میں بھارت سے جھڑپوں کے بعد پاکستان میں تابکاری پھیلنے کا جھوٹا دعویٰ

دستاویز میں گرائمر کی متعدد غلطیاں موجود ہیں، جو واضح طور پر ظاہر کرتی ہیں کہ یہ سرکاری نہیں بلکہ جعلی ہے۔

متعدد سوشل میڈیا صارفین ایک مبینہ پاکستانی سرکاری دستاویز گردش کر رہے ہیں، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت سے حالیہ تنازع کے بعد پاکستان میں تابکاری کا اخراج ہوا ہے۔

دعویٰ غلط ہے،  یہ خط جعلی ہے۔

دعویٰ :

13 مئی کی ایک دستاویز، جو مبینہ طور پر پاکستان کی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کی طرف سے جاری کی گئی تھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

 اس دستاویز کا عنوان ”ریڈیولاجیکل سیفٹی بلیٹن“ ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت نے نیشنل ریڈیولاجیکل سیفٹی ڈویژن (NRSD) کے ذریعے ”شمالی ایڈمنسٹریٹو زون“ میں واقع ایک لائسنس یافتہ صنعتی مقام پر تابکاری کے اخراج کا پتہ لگایا ہے۔

فیکٹ چیک : جعلی دستاویز میں بھارت سے جھڑپوں کے بعد پاکستان میں تابکاری پھیلنے کا جھوٹا دعویٰ
تابکاری کے اخراج سے متعلق حکومت پاکستان کی مبینہ دستاویزات

یہ دستاویز سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر یہاں، یہاں اور یہاں شیئر کی گئی۔

حقیقت:

آن لائن گردش کرنے والی یہ دستاویز خود ساختہ ہے، جس کی تصدیق وزارتِ موسمیاتی تبدیلی، حکومتِ پاکستان کے ترجمان نے کی ہے، اس دستاویز کی آزادانہ تصدیق جیو فیکٹ چیک نے بھی کی ہے۔

محمد سلیم، جو کہ اسلام آباد میں وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے ترجمان ہیں نے جیو فیکٹ چیک سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دستاویز”جعلی“ ہے۔

محمد سلیم نے کہا: ”یہ ہر لحاظ سے مکمل طور پر جعلی ہے، ہماری وزارت کی جانب سے ایسا کوئی خط جاری نہیں کیا گیا۔“

اس کے علاوہ جیو فیکٹ چیک کی ایک آزادانہ جائزہ رپورٹ میں بھی کئی غلطیاں دریافت ہوئی ہیں، جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ دستاویز سرکاری نہیں ہے۔

ایسی اصطلاحات جیسے ”industrial radiological“ کو ”industrialrological“ کے طور پر غلط حروف میں لکھا گیا ہے، ”routine“ کو ”toutine“ لکھا گیا ہے، اور ”team“ کو ”leam“ کے طور پر درج کیا گیا ہے، ساتھ ہی دیگر غلطیاں بھی موجود ہیں۔

مزید برآں، واقعے کا وقت ”24:55“ کے طور پر ذکر کیا گیا ہے جو کہ ایک درست وقت کا فارمیٹ نہیں ہے  اور دستاویز میں دیا گیا ای میل ایڈریس ”[email protected]“ سرکاری حکومت کے ڈومینز سے مطابقت نہیں رکھتا، جن کا اختتام .gov.pk پر ہوتا ہے۔

اس ایڈریس پر رابطہ کرنے کی کوششوں کے باوجود، ایک باؤنسڈ(bounced) ای میل کی غلطی سامنے آئی: ”address not found۔“

فیکٹ چیک : جعلی دستاویز میں بھارت سے جھڑپوں کے بعد پاکستان میں تابکاری پھیلنے کا جھوٹا دعویٰ
 جعلی دستاویز میں گرائمر اور فارمیٹنگ کی غلطیاں

فیصلہ: پاکستان میں کسی بھی سرکاری اتھارٹی کی جانب سے ایسے تابکاری کے واقعے کی تصدیق نہیں کی گئی جو دستاویز گردش کر رہی ہے، وہ جعلی ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ 

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔