15 مئی ، 2025
دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب میں ایک ایسی تبدیلی کی جا رہی ہے جو آپ کو بالکل پسند نہیں آئے گی۔
یوٹیوب میں کافی عرصے سے صارفین کو اشتہارات دیکھنے پر مجبور کرنے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
2023 کے شروع میں یوٹیوب میں ایسے اشتہارات دکھانے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا جن کو اسکیپ کرنا ممکن نہیں تھا جبکہ دسمبر 2023 میں اسمارٹ ٹیلی ویژن (ٹی وی) پر طویل اشتہارات دکھائے جانے لگے۔
اب یوٹیوب میں ایک اور بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے۔
اب ویڈیو شیئرنگ سروس میں ویڈیوز کے اہم ترین لمحات کے موقع پر اشتہارات دکھائے جائیں گے۔
اس کا اعلان کمپنی کی جانب سے کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پیک پوائنٹس نامی فیچر کو یوٹیوب کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
اس فیچر کے جیمنائی اے آئی ماڈل کو استعمال کیا جائے گا اور ویڈیوز کے اہم ترین یا سب سے بامقصد لمحات کے موقع پر اشتہارات کو دکھایا جائے گا۔
کمپنی نے بتایا کہ ان اشتہارات کو ایسے موقع پر دکھایا جائے گا جب ناظرین ویڈیو سے سب سے زیادہ جڑے ہوتے ہیں اور اس سے کریٹیرز کو اشتہارات کے ذریعے زیادہ کمانے کا موقع ملے گا۔
ویسے یہ کوئی حیران کن اقدام نہیں کیونکہ یوٹیوب کی جانب سے حالیہ برسوں میں اشتہارات کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔