Time 15 مئی ، 2025
دلچسپ و عجیب

آخر لوگوں کے منہ میں عقل داڑھیں کیوں ہوتی ہیں؟

آخر لوگوں کے منہ میں عقل داڑھیں کیوں ہوتی ہیں؟
اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے / فوٹو بشکریہ mental floss

دانت کھانا ہضم کرنے کے عمل کا لازمی جزو ہیں مگر ہماری 4 داڑھیں اکثر بہت زیادہ تکلیف دہ ثابت ہوتی ہیں۔

عقل داڑھ اکثر 18 سال کی عمر کے بعد نکلنا شروع ہوتی ہے اور انسانی دانتوں کی تعداد 32 اسی وقت ہوتی ہے جب یہ چاروں داڑھیں نکل آتی ہیں۔

مگر سوال یہ ہے کہ آخر داڑھوں کے نکلنے کا عمل اتنا تکلیف دہ ہوتا ہے تو ہمیں ان کی ضرورت ہی کیوں ہوتی ہے، کیونکہ اکثر انہیں سرجری کے ذریعے نکلوا دیا جاتا ہے۔

اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے۔

زمانہ قدیم میں جب انسانوں نے آگ کو دریافت نہیں کیا تھا تو وہ گوشت کو کچا کھاتے تھے جبکہ سخت گریاں بھی غذا کا حصہ ہوتی تھیں تو اس طرح کی سخت غذاؤں کے باعث جبڑے زیادہ بڑے ہوجاتے تھے۔

ابتدائی عہد کے زمانے کے افراد کچی غذا کھاتے تھے اور سخت غذا کو چبانے کے لیے مضبوط دانتوں کی ضرورت ہوتی تھی۔

اسی وجہ سے اس زمانے کے انسانوں کے لیے یہ عقل داڑھیں بقا کے لیے بھی ضروری بن گئی تھیں اور ان کے نکلنے پر انہیں کسی تکلیف کا سامنا بھی نہیں ہوتا تھا۔

مگر جیسے جیسے ہمارے دماغ بڑے ہونے لگے ویسے ویسے جبڑے چھوٹے ہونے لگے اور اسی وجہ سے عقل داڑھوں کو نکلنے کا عمل تکلیف دہ ہوگیا کیونکہ ہمارے منہ کا حجم داڑھوں کی تیسری قطار کے فٹ ہونے کے لیے کافی چھوٹا ہوگیا۔

ویسے بھی انسانوں نے کھانا پکا کر کھانا شروع کر دیا تھا جس کے باعث ان کے لیے غذا کو چبانا آسان ہو گیا اور چبانے کے حوالے سے اب عقل داڑھوں کی زیادہ ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔

ماہرین کے خیال میں انسانی ارتقا بتدریج عقل داڑھوں کو ختم کر دے گا مگر ایسا کب تک ہوگا یہ کہنا مشکل ہے۔

مزید خبریں :