Time 16 مئی ، 2025
پاکستان

آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر یوم تشکر، افواج پاکستان کو خراج تحسین

اسلام آباد: بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یو م تشکر منایا گیا۔

یوم تشکر کے موقع پر پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا، یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

آج مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد ہوا جبکہ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد کی گئی۔

ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے گئے اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔

آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنےکے لیے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں بھی کی گئیں اور نماز جمعہ میں بھی پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے کی جانے والی فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیاروں کو گرایا اور پھر 10 مئی کو اپنی خود مختاری کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کو ایسا جواب دیا جسے ناصرف دنیا نے تسلیم کیا بلکہ بھارت میں بھی اس حوالے سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

مزید خبریں :