16 مئی ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ مشرق وسطیٰ کے دوران ابو ظبی پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
ٹرمپ کے طیارے کے متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی رسمی سلامی کے طور پر جیٹ طیاروں نے امریکی صدر کا شاندار انداز میں استقبال کیا۔
بعد ازاں یو اے ای کے صدارتی محل قصر الوطن میں سفید لباس میں ملبوس خواتین نے ڈونلڈ ٹرمپ کا استقبال کیا جو بالوں کو کھول کر دائیں بائیں جانب جھومتی نظر آئیں ۔
اس استقبال کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی جس میں خواتین کے بال کھولے استقبال نے کئی لوگوں کو حیران کیا تو کہیں لوگ تجسس میں مبتلا ہوگئے حتیٰ کہ کچھ لوگ تو یو اے ای میں اس حیران کن استقبال پر تنقید کرتے بھی دکھائی دیے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ حیران کن استقبال یو اے ای کا ثقافتی مظاہرہ ہے جسے ’العیالہ‘کہا جاتا ہے جو دراصل ایک جنگ کے منظر کی نقالی کرتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مظاہرے کو متحدہ عرب امارات اور شمال مغربی عمان میں رائج کیا گیا ہے جہاں اسے شادیوں، تہواروں اور مہمانوں کے استقبال کیلئے عمل میں لایا جاتا ہے حتیٰ کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی جانب سے بھی اس رقص کو تسلیم کیا جاچکا ہے۔
یہ رقص خلیجی علاقوں کی ثقافتی جھلک کا مظاہرہ پیش کرتا ہے، جس دوران دو صفوں میں مرد حضرات ایک دوسرے کے آمنے سامنے بانس کی چھڑیاں اٹھائے( نیزوں اور تلواروں کی علامت کے طور پر ) کھڑتے ہوتے ہیں، مردوں کی صفیں ڈھول کی تھاپ کے ساتھ اپنے سروں اور چھڑیوں کو حرکت دیتی ہیں۔
دوسری جانب ڈھول کی تھاپ پر ردھم کے ساتھ خواتین کیلئے بالوں کو لہرانا شامل ہوتا ہے۔