16 مئی ، 2025
ٹک ٹاک نے صارفین کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ نوجوان صارفین کے لیے مراقبے سے متعلق ورزشوں اور شخصیت بہتر بنانے کے لیے فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ ورزشوں سے متعلق فیچر کی آزمائش رواں سال کے دوران محدود صارفین میں کی گئی تھی اور اب اسے ہر عمر کے افراد کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ٹک ٹاک کے مطابق اس فیچر کا مقصد صارفین کے نیند کا معیار بہتر بنانا ہے اور یہ نیند کے اوقات میں متحرک ہوگا۔
18 سال سے کم عمر صارفین کی ایپ میں یہ بائی ڈیفالٹ ٹرن آن ہوگا۔
ایسے کم عمر صارفین اگر رات 10 بجے کے بعد ٹک ٹاک کی فار یو فیڈ پر ہوں گے تو انہیں ایک پروموٹ کے ذریعے مراقبے کی ورزشوں کا مشورہ دیا جائے گا۔
اگر پھر بھی صارفین کی جانب سے ٹک ٹاک کا استعمال جاری رکھا گیا تو پھر کمپنی کی جانب سے دوسری بار فل اسکرین پروموٹ شو کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے ایک مراقبے کی ایپ کی مدد بھی لی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے نئی ایجوکیشنل فیڈ، آن لائن سیفٹی ٹولز اور اسکرین ٹائم پر والدین کا کنٹرول بڑھانے سے متعلق فیچرز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔