17 مئی ، 2025
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیاہے کہ ٹرمپ انتظامیہ غزہ سے 10لاکھ فلسطینیوں کو مستقل طور پر لیبیا منتقل کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
سابق امریکی عہدے دار کا کہنا ہے کہ امریکا نے لیبیا کی قیادت کے ساتھ اس منصوبے کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں کی آبادکاری کے بدلے ٹرمپ انتظامیہ لیبیاکے منجمد اربوں ڈالربحال کرے گی۔
واضح رہے کہ امریکا نے ایک دہائی قبل لیبیا کے اربوں ڈالر کو منجمد کیا تھا۔
دوسری جانب خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل فلسطین تنازع کے دوریاستی حل پر کانفرنس 17 سے 20 جون تک ہوگی۔
کانفرنس فرانس سعودی عرب کی حمایت سے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوگی۔کانفرنس کا انعقاد یو این جنرل اسمبلی فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ صدارت میں کرے گی۔
ادھر فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران ناقابل قبول ہے،جلد اسرائیلی وزیراعظم اور امریکی صدر سے اس معاملے پر بات کریں گے۔
خیال رہےکہ فروری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر امریکا کی جانب سے قبضہ کرنےکا اعلان کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کرلےگا، ہم اس کے مالک ہوں گے، جس کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔
ٹرمپ نے کہا تھاکہ میں غزہ میں طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھتا ہوں، ہم غزہ کو ترقی دیں گے، علاقےکے لوگوں کے لیے ملازمتیں دیں گے، شہریوں کو بسائیں گے۔