19 مئی ، 2025
کراچی میں سڑکوں گلیوں اور تجارتی مراکز میں گاڑیاں دھونے کے لیے لائن کا پانی استعمال کرنے پر جرمانے کی قرارداد منظور کرلی گئی۔
کے ایم سی کونسل کے اجلاس میں میئر کراچی مرتضی وہاب نے پانی کے ضیاع پر 10 ہزار روپے جرمانے کی تجویز دی، کہا یوسی چیئرمین کی شکایات پر جرمانے ہوں گے، رقم یوسی میں ہی لگے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن نجمی عالم نے کہا دو تلوار کے اوپر لائن سے گاڑیاں دھلتی ہیں، لوگ گھر میں گاڑیاں دھوتے ہیں پانی باہر آتا ہے، سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج شہر میں پانی نہیں، میئر میٹنگ میں 2050 کا پلان بنارہےہیں، کے فور منصوبہ 20 ارب روپے سے 200 ارب روپے تک پہنچ گیاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت شہر میں پانی کی لائنیں توڑی جارہی ہے، اب ہم احتجاج کریں گے، سڑکوں پر آئیں گے۔
میئر کراچی مترضیٰ وہاب نے کہا کہ آئندہ ہفتے صرف پانی پر اجلاس ہوگا۔